February 13, 2026 | 11:23 am

ٹی 20 ورلڈ کپ: آئرلینڈ ٹیم کے کپتان پال اسٹرلنگ ورلڈ کپ سے باہر

آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بڑا دھچکا لگ گیا ان کے کپتان پال اسٹرلنگ ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے۔

پال اسٹرلنگ کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں گھٹنے کی انجری ہوئی ، وہ کیچ پکڑتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد بیٹنگ کے لیے کریز پر واپس آئے مگر تیز رن لینے کی کوشش میں ان کا گھٹنا مزید متاثر ہو گیا۔

میچ کے بعد کیے گئے طبی معائنے اور اسکین میں گھٹنے کے لگامنٹ کو نقصان کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پال اسٹرلنگ اب آرام اور بحالی کے لیے وطن واپس جائیں گے تاکہ ہوم سیزن سے قبل مکمل فٹ ہو سکیں۔

آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے اسٹرلنگ کے متبادل کے طور پر سیم ٹاپنگ (Sam Topping) کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

آئرلینڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس گریم ویسٹ کا کہنا ہے کہ پال اسٹرلنگ کی انجری ٹیم کے لیے بڑا نقصان ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ سام ٹاپنگ ٹیم کے لیے مؤثر متبادل ثابت ہوں گے۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ اپنا اگلا میچ ہفتہ کو کولمبو میں عمان کے خلاف کھیلے گا اوت گروپ کا آخری میچ 17 فروری کو زمبابوے سے کھیلا جائے گا۔