February 13, 2026 | 09:49 am

پاکستان کا اسپن اٹیک بھارت کیلئے دردِ سر بن گیا، پاکستان کے اسپن اسلحہ خانہ پر نظریں

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کا اسپن اٹیک بھارت کے لئے درد سر بن گیا اور بھارتی میڈیا نے پاکستان کے اسپن اٹیک کو ایک مضبوط ہتھیار قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے اسپنرز بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق پاکستان کے اسپن اسلحہ خانہ میں موجود ہیں۔

بھارتی رپورٹ کے مطابق کولمبو کی کنڈیشنز اجازت دیں تو اس کو مزید مضبوط بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ نمیبیا کے خلاف میچ میں اسپن کو کھیلنے کے تحفظات بڑھ گئے ہیں اس میچ میں 5 کھلاڑی اسپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور یو ایس اے کے خلاف 3 بھارتی بیٹرز اسپنرز کے خلاف آؤٹ ہو ئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم بلاشبہ فیورٹ ہے لیکن اس میں چھوٹی دراڑیں ہیں جسے بڑے ٹورنامنٹ میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کے خلاف میچ میں چھوٹے کریکس بڑے ہو سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کو اسپن کو ڈی کوڈ کرنا ہو گا اس سے پہلے کہ پاکستان بھارتی ٹیم پر غلبہ حاصل کر لے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اسپنرز مڈل اوورز میں بھارتی بیٹرز کو سلو ڈاؤن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بھارتی بیٹرز کا سلو ڈاؤن ہونا ہی اس میچ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کی شام ہائی وولٹیج میچ کھیلا جائے گا جس کے لیے بھارتی ٹیم آج چارٹرڈ فلائٹ پر نئی دہلی سے کولمبو پہنچ رہی ہے اور ہفتے کو پریکٹس کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میچ کے لیے مسافروں کی بڑھتی تعداد کے باعث نہ صرف کولمبو کا فضائی سفر مہنگا ہو گیا ہے بلکہ وہاں ہوٹلوں کے کرائے بھی راتوں رات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔