January 17, 2026 | 12:08 pm

بابر اور رضوان کو ماڈرن کرکٹ میں اپنی اہلیت پر سوچنا چاہیے: رانا نوید کا بی بی ایل واقعے پر تبصرہ

پاکستان کے سابق کرکٹر رانا نوید الحسن نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں اپنے تجربات کی روشنی میں بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ کے درمیان پیش آنے والے واقعے پر کھل کر بات کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں رانا نوید الحسن نے کہا کہ بگ بیش لیگ نے مجھے سکھایا ہے کہ آسٹریلوی بڑے صاف گو کرکٹرزہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی بی ایل کا ایک لمبے عرصے تک حصہ رہنے پر میں نے دیکھا کہ بڑی لیگز کیسے کام کرتی ہیں، پاکستان میں ٹیم کلچر کی طرح وہاں کھلاڑیوں کو بڑے ناموں کا کوئی خوف نہیں ہوتا۔

رانا نوید الحسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی صرف صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ جب آپ کھیلتے ہیں تو آپ کو امپیکٹ کے لحاظ سے جانچا جاتا ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ نے جو عمل کیا وہ یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ آپ کو کہاں دیکھتے ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان کو ماڈرن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی اہلیت کے بارے میں دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سڈنی سکسرز کے سڈنی تھنڈر کے خلاف میچ میں اسٹیو اسمتھ نے بابر کی شاٹ پر رن لینے سے انکار کردیا تھا۔ 

بابر اعظم اسٹیو اسمتھ کے رن نہ لینے پر ناخوش تھے اور آؤٹ ہونے کے بعد باونڈر ی لائن کو بیٹ مار کر ناگواری کا اظہار بھی کیا۔