December 08, 2025 | 09:16 am

ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ بھی آسٹریلیا اپنے نام کیلئے پرعزم

ایشیز سیریز کا پرتھ اور برسبن ٹیسٹ اپنے نام کرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی نظریں اب 17 دسمبر سے ایڈیلیٹ ٹیسٹ کی جانب گامزن ہوگئیں ہیں اور سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرجوش ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کی ٹیم میں واپسی یقینی قرار دی جارہی ہے جبکہ اوپنر عثمان خواجہ اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی فٹنس پر بھی گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ تجربہ کار اسپنر ناتھن لائن کی شمولیت کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں جنہیں برسبین کی ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے ڈراپ کیا گیا تھا۔

آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین کے مطابق سلیکٹرز ایڈیلیٹ کی کنڈیشنز کے مطابق بہترین کمبی نیشن تشکیل دینے کے خواہشمند ہیں ، سلیکٹرز ہر میچ کو صورتحال کے مطابق دیکھتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں کہ ٹیم کو جیت کے لیے کیا درکار ہے لہٰذا ایڈیلیٹ کی کنڈیشنز کے مطابق ہی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

مارنس لبوشین نے کہا کہ میں کنڈیشنز کو پڑھ کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں اور ہر میچ میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے پر فوکس کرتا ہوں، بیٹنگ کے آغاز میں بولرز پر دباؤ ڈالنا میرے لیے فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیز سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز کا تیسرا میچ 17 دسمبر سے ایڈیلیٹ میں کھیلا جائے گا۔