October 11, 2025 | 08:22 am

ایشیز کے پہلے میچ میں پیٹ کمنز کے باہر ہونے پر ہیری بروک خوش؟

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے کا امکان ہے اور اس حوالے سے انگلش ٹیم کے نائب کپتان ہیری بروک نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ہیری بروک نے پرتھ ٹیسٹ میں پیٹ کمنز کی غیر موجودگی پر کہا کہ اگر وہ پہلے میچ میں نہیں کھیلتے تو شاید یہ ہمارے حق میں بہتر ہو، مگر ہم کسی کو بھی ہلکا نہیں لے سکتے۔

ہیری بروک نے کہا کہ پیٹ کمنز ایک شاندار بولر ہیں اور کئی سالوں سے بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

انگلش ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ میں اب تک بھارت کے خلاف اس سال ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی شدت سے باہر نہیں نکلا ہوں اور اب آنے والی ایشیز سیریز میرے لیے ایک نیا چیلنج ہوگی۔

رواں سال جون سے جولائی تک جاری رہنے والی اینڈرسن ٹنڈولکر ٹرافی کے حوالے سے ہیری بروک نے کہا کہ میں اب بھی بھارت کیخلاف سیریز سے سنبھلنے کی کوشش کر رہا ہوں، وہ سیریز شاندار تھی، 25 دنوں میں 25 دن کھیلنا ناقابلِ یقین تجربہ تھا مگر میں جانتا ہوں کہ ایشیز  بہت بڑی چیز ہے۔

خیال رہے کہ پیٹ کمنز جولائی سے کمر کی انجری کے باعث بولنگ نہیں کر رہے اور ان کی 21 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے۔

ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے پرتھ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اس میچ میں شرکت کر پائیں گے یا نہیں۔

ایشیز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر کو گابا میں تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر کو اوول میں چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری کو سڈنی میں شیڈول ہے۔