October 08, 2025 | 11:21 am

سلمان علی آغا کی سیٹ محفوظ، بابر اور رضوان کو ٹی 20 میں موقع نہیں دیا جائے گا

رپورٹ: سید یحییٰ حسینی۔۔۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور کوچ مائیک ہیسن کے درمیان جنوبی افریقا کے خلاف سیریز اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کپتان سلمان علی آغا اور کوچ مائیک ہیسن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے،قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو مضبوط اور مستحکم کر نے کے خواہش مند ہیں۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے تھنک ٹینک کی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ جلد بیٹھک متوقع ہے اور ممکن ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران وائٹ بال ٹیم کا کیمپ شروع کر دیا جائے گا، جس کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام جلد سامنے آجائیں گے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں دو سابق کپتانوں بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی واپسی کا امکان نا ہو نے کے برابر ہے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ پاکستان ٹی 20 کے کپتان سلمان علی آغا جن کی قیادت کے حوالے سے بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کو کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں ،وہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔

پاکستان کے لئے 32 ٹی ٹوئنٹی میں 110.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 561 رنز بنانے والے دائیں ہاتھ کے بیٹر نے ایشیا کپ کے 7 میچوں میں 72 رنز بنائے تھے،ان کی اس کارکردگی پر کپتان کو تنقید کا سامنا ہے،البتہ بورڈ اور ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کپتانی کی تبدیلی کے لئے تیار نہیں ہیں ۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ایشیا کپ کے 7 میچوں میں چار بار صفر پر آوٹ ہونے والے صائم ایوب جنہیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے،وائٹ بال کرکٹ میں ان پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جب کہ وکٹ کیپر محمد حارث بھی خطرے میں نہیں ہیں ،البتہ فاسٹ بولنگ میں حارث روف کی جگہ دیگر فاسٹ بولرز کو موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا پاکستان ٹی 20 اسکواڈ کے ایشیا کپ فائنل میں شکست پرافسردہ ضرور ہیں لیکن وہ اس ٹیم کو تسلسل کے ساتھ موقع دینے کے حق میں ہیں ،اور اس بات کے امکانات نا ہو نے کے برابر ہیں کہ سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں موقع دیا جائے گا۔