October 06, 2025 | 08:54 am

کیا محمد عامر واقعی پاکستان ٹیم کیلئے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ریٹائرمنٹ واپس لینے یا کم بیک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

محمد عامر نے اپنے بیان میں کہا کہ میں دو تین روز سے یہ سن رہا ہوں کہ محمد عامر کم بیک کر رہے ہیں اور ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں، مگر میری کسی سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میرا کوئی پلان ہے، میں نے ریٹائرمنٹ کا جو فیصلہ کیا تھا وہ اب ڈن ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے فینز چاہتے ہیں کہ میں واپس آجاؤں لیکن اب پاکستان کرکٹ کو آگے بھی بڑھنا ہے، ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں نوجوان کھیلیں گے تو دو تین سال میں ایک اچھی ٹیم بنے گی۔

محمد عامر نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کرے گی جیسے ایشیا کپ کا فائنل کھیلا، ویسے ہی ورلڈ کپ کا بھی فائنل کھیلے اور جیتے۔

سرفراز احمد کے ممکنہ چیف سلیکٹر بننے کے حوالے سے محمد عامر نے کہا کہ اگر انہیں یہ ذمہ داری دی جاتی ہے تو یہ ایک اچھا فیصلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے ہوئے ہیں اور اس کا فائدہ ہوسکتا ہے، وہ ایماندار اور صاف دل کے انسان ہیں ایسے لوگوں کا پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

محمد عامر نے مزید کہا کہ شعیب ملک، عمر گل اور سہیل تنویر کو وائٹ بال کرکٹ میں استعمال کیا جانا چاہیے کیونکہ ان کے پاس بڑی مہارت ہے۔

انہوں نے کہا کہا کرکٹر بھی امور چلانے کے لئے ہونے چاہئیں اور اچھے کرکٹرز ہونے چاہئیں کئی کرکٹرز آئے لیکن وہ بیڑہ غرق کر کے چلے گئے۔

اس کے ساتھ انہوں نے تجویز دی کہ یونس خان کو بھی سسٹم میں شامل کیا جائے کیونکہ وہ ’’یس مین‘‘ نہیں ہیں، مل بیٹھ کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔