September 13, 2025 | 11:57 pm

دبئی پولیس کی پاک بھارت میچ سے قبل شائقینِ کرکٹ کو سخت وارننگ

—فائل فوٹو

رپورٹ: سبطِ عارن۔۔۔ ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کو سخت وارننگ جاری کی ہے۔

دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق دبئی میں ہونے والے ایشیاء کپ 2025ء میں بد زبان، پرتشدد اور نسل پرستانہ جملے کسنے والے کرکٹ فینز کو 1 سے 3 ماہ کی قید ہوگی اور 23 لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

—تصاویر: سبط عارف

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں کسی قسم کا تشدد، بد زبانی یا نسل پرستانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق تشدد یا بدزبانی کرنے والوں کو 1 سے 3 ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، جو پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے بنتا ہے۔

دبئی پولیس نے شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھیل کے دوران مثبت اور مہذب رویہ اپنائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہو گی تاکہ اسٹیڈیم کے ماحول اور شائقین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔