August 07, 2025 | 12:33 pm

ایشیا ہاکی کپ 2025: بنگلا دیش کو دعوت دینے کے بھارتی دعوے بے بنیاد نکلے

ایشیا ہاکی کپ 2025 کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی جانب سےبنگلا دیش کو پاکستان کی جگہ شامل کرنے کے دعووں کا پول کھل گیا۔

بھارتی میڈیا نے ہاکی انڈیا کے ایک آفیشل کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے انکار کے بعد بنگلا دیش کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاہم بنگلا دیش ہاکی فیڈریشن (بی ایچ ایف) کے ذرائع نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔

بی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں بھارت کی جانب سے بنگلادیش ہاکی فیڈریشن کو ایشیا کپ میں شرکت کا کوئی باضابطہ دعوت نامہ نہیں ملا۔

ذرائع بنگلا دیش ہاکی کا بتانا ہے کہ اتنی جلد ٹیم بنانا اور تیاری کرنا آسان نہیں ہے ہم باضابطہ دعوت نامے کے بعد دیکھیں گے ۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے ہاکی انڈیا کے ایک آفیشل کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے اور اب پاکستان کی جگہ بنگلا دیش کو دعوت سے دی گئی ہے۔

ہاکی انڈیا کے آفیشل نے پاکستان کے انکار اور بھارت کے سفر نہ کرنے کا بھی دعوی کیا تھا اور اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی ہاکی انڈیا کے آفیشلز کے دعووں کو مسترد کر چکے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ اس صورتحال نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے جبکہ بنگلا دیش ہاکی فیڈریشن کی وضاحت کے بعد معاملہ مزید واضح ہو گیا ہے۔