August 07, 2025 | 10:18 am

ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے:صدر پی ایچ ایف

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی کا کہنا ہے کہ ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے، ایشیا کپ میں عدم شرکت کے فیصلے کے حوالے سے کسی سے بات نہیں ہوئی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا کہ ہاکی انڈیا کے ساتھ نہ پہلے رابطہ تھا نہ اب کوئی رابطہ ہوا ہے کیونکہ ہمارا رابطہ ہاکی انڈیا سے نہیں بلکہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی انڈیا جو مرضی کہتی رہے جس کو مرضی دعوت دے، ہماری جگہ بنگلہ دیش کو دعوت دینے کا ہمیں علم نہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا کہ بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہم نے نہیں حکومت نے کرنا ہے اور حکومت جو فیصلہ کرے گی وہی فیصلہ ہمارا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے فیصلے کے منتظر ہیں کیونکہ حکومت نے ہی بھارت جانے یا نہ جانے کا اعلان کرنا ہے۔

علم میں رہے کہ بھارتی اخبار نے ہاکی انڈیا کے آفیشل کی گفتگو کو رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ کھیلنے کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا ہے اور ہاکی انڈیا نے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو دعوت دیئے جانے کا بھی دعوی کیا۔