August 07, 2025 | 08:59 am

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی فٹبال ٹیم کا سابق کھلاڑی شہید

فلسطینی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کھلاڑی سلیمان عبید غزہ شہر میں اسرائیلی قابض فوج کی گولی لگنے سے شہید ہوگئے۔

محصور پٹی کے طبی ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر 41 سالہ فٹبالر امداد کا انتظار کر رہے تھے جب انہیں جان لیوا نشانہ بنایا گیا۔

فٹبال کھلاڑی  سلیمان عبید نے اپنے کیریئر کا آغاز  آبائی شہر کلب شباب الشاطی (بیچ سروسز کلب) سے کیا اور مغربی کنارے پریمیئر لیگ میں العماری کلب کے لیے بھی کھیلا۔

سلیمان عبید نے فلسطین کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول 2010 ویسٹ ایشین فٹ بال فیڈریشن چیمپئن شپ کے دوران یمن کے خلاف کیا اور 2012 کے اے ایف سی چیلنج کپ کوالیفائرز اور 2014 کے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلیمان عبید اس عرصے کے دوران ہلاک ہونے والے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں ابھی پچھلے مہینے ہی 39 کھلاڑی، اسکاؤٹس اور نوجوان شخصیات کو شہید کیا گیا، جس سے نسل کشی کے آغاز سے لے کر اب تک فلسطینی کھیلوں اور نوجوان طبقے کے شہداء کی کل تعداد 660 سے زائد ہوگئی ہے۔

دوسری جانب جرمنی کے فٹبال کلب Fortuna Dusseldorf نے فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات پر اسرائیلی فٹبالر شون ویسمین سے معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شائقین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فٹبالر کے ساتھ معاہدے سے کلب اور اس کے مداحوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 میں شون ویسمین نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر غزہ کو نقشے سے مٹانے کی حمایت میں پوسٹس کو لائیک اور شیئر کیا تھا۔