August 04, 2025 | 09:29 am

چیئرمین محسن نقوی کی قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارک ہو۔ پوری ٹیم نے بہترین ٹیم ورک، عزم اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

محسن نقوی نے قومی ٹیم کو پیغام دیتے ہوئے کہا اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز 8، 10 اور 12 اگست کو تروبہ (ویسٹ انڈیز)میں کھیلی جائے گی۔