July 11, 2025 | 08:28 am

اولمپئن حنیف خان کا ہاکی ایشیا کپ بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ

رپورٹ: عتیق الرحمٰن۔۔۔ اولمپئن حنیف خان نے ہاکی ایشیا کپ بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت کے حالات اچھے نہیں، بھارت میں پینک پھیلا ہوا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے حنیف خان نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایسی صورتحال میں بھارت نہیں جانا چاہیے کیونکہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی نہیں ہے لہٰذا ہمیں بھارت پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی حفاطت کریں گے لہٰذا ایشیا کپ ہاکی یو اے ای یا ملائیشیا میں کرایا جائے، بھارت ہمیں کیا منع کرے گا ہم خود نہیں جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل میں رکاوٹ پاکستان نہیں بنا ہمیشہ بھارت نے رکاوٹیں ڈالی ہیں، وزیر اعظم صدر پاکستان سے درخواست ہے ٹیم بھارت نہ بھیجیں۔

حنیف خان نے کہا کہ کرکٹ کے معاملے میں بھی بھارت نے رکاوٹ ڈالیں اب ہاکی میں بھی ایسا کررہے ہیں، بھارت ہر وہ ہربہ استعمال کرتا ہے جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہو۔

سابق کپتان نے کہا کہ جب تک پاک بھارت تعلقات اچھے نہیں ہوجاتے پاکستان کی ٹیموں کو بھارت نہیں جانا چاہیے۔ ایشیا کپ ہاکی 27 اگست سے بھارت کے شہر راجگیر میں شروع ہوگا۔