July 09, 2025 | 02:18 pm

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی واجب الادا رقم کے تاحال منتظر

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز ہاکی کپ میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تاحال اپنے ڈیلیز کے منتظر ہیں۔

اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ڈیلیز کے فی کھلاڑی تقریبا 5 ، 5 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈیلیز کے معاملے پر پیش رفت نہیں ہو سکی اور فیڈریشن کے عہدیداران نے جواب دینا بھی بند کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے دوران انٹر نیشنل ڈیلیز ادا نہیں ہو ئیں جس پر کھلاڑیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا ہے اور جواب نہ ملنے پر شدید غصے میں ہیں۔

اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اسلام آباد میں دو مرحلوں میں لگائے جانے والے کیمپس کی بھی ڈیلیز نہیں ملیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل 30 ہزار روپے جبکہ ڈومیسٹک 3 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس ملتا ہے۔