July 09, 2025 | 01:33 pm

ٹیسٹ رینکنگ: زمبابوے کیخلاف ٹرپل سنچری کرنیوالے ویان مولڈر کی لمبی چھلانگ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق انگلش بیٹر ہیری بروک نے ہم وطن جو روٹ سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

انگلش بیٹر ہیری بروک پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ جو روٹ ایک درجہ تنزلی کے باعث دوسری پوزیشن پر چلے گئے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔

بلاوایو کی سرزمین پر زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 367 رنز بنا کر ناقابل شکست رہنے والے جنوبی افریقی کپتان ویان ملڈر نے لمبی چھلانگ لگائی اور سیدھا 34 نمبر سے 22 نمبر پر پہنچ گئے۔

بھارت کے کپتان شبمن گل 15 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے جبکہ فہرست میں پاکستان کے سعود شکیل دو درجے تنزلی کے بعد 13 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

سعود شکیل کے علاوہ محمد رضوان اور بابراعظم کی بھی تنزلی دیکھنے میں آئی ہے، محمد رضوان 2 ردجے تنزلی کے باعث 21 اور سابق کپتان بابراعظم ایک درجے تنزلی کے ساتھ 23 ویں نمبر پر چلے گئے۔

آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ پر نظر ڈالی جائے تو بھارت کے جسپرت بمرا کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے گیسو رابا دوسرے اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا تیسرا نمبر برقرار ہے۔

پاکستان کے نعمان علی پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ ساجد خان اورشاہین آفریدی ایک ایک درجہ بہتری کے بعد بالترتیب 19 اور 20 ویں پوزیشن ہوگئی ہے۔