July 09, 2025 | 11:31 am

بھارتی کرکٹر یش دیال نے ہراسانی کیس میں خاموشی توڑ دی

بھارتی کرکٹر یش دیال نے خاتون سے زیادتی کے کیس میں خاموشی توڑ دی اور پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بینگلورو (آر سی بی) کے فاسٹ بولر یش دیال نے پریاگ راج پولیس میں خاتون کے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور ایف آئی آر کے اندراج کی اپیل کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کا کہنا ہے کہ 27 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے پولیس سے رابطہ کیا اور کہا کہ  خاتون نے ان کا ایک آئی فون اور لیپ ٹاپ چوری کیا ہے لہٰذا خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یش دیال نے پولیس کو بتایا کہ ان کی اس خاتون سے انسٹاگرام کے ذریعے 2021 میں جان پہچان ہوئی تھی، جس کے بعد وہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے لگے۔

انہوں نے الزام لگایا ہے کہ خاتون نے علاج کے بہانے ان سے لاکھوں روپے قرض لیے اور واپسی کا وعدہ کیا، جو آج تک پورا نہیں ہوا۔ کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ  خاتون نے بار بار شاپنگ کے لیے بھی ان سے رقم لی اور ان کے پاس اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ غازی آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون نے مبینہ طور پر فاسٹ بولر یش دیال پر جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا اور کرکٹر کے خلاف اندراجِ مقدمہ کی درخواست دی تھی۔

خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 5 سالہ تعلق کے دوران یش دیال نے جسمانی اور ذہنی تشدد کیا اور شادی کا وعدہ کرکے مالی طورپر استحصال کیا۔

اس بارے میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہونے پر بھارتی کرکٹر کو 10 برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔