June 17, 2025 | 10:39 am

کرکٹ میں انوکھا واقعہ، میچ کا فیصلہ ایک نہیں تین سپر اوورز کے بعد ہوا

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں میچ کا فیصلہ ایک نہیں تین سپر اوورز کے بعد ہوا۔

ٹی ٹوئنٹی سہہ فریقی سیریز کے میچ میں نیدرلینڈز نے نیپال کو تیسرا سپر اوور کھیلے جانے کے بعد شکست دی۔

اس میچ میں پہلے نیپال نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں نیدر لینڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

نیپال نے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کیے جس کے بعد میچ سپر اوور کی جانب چلا گیا۔

پہلے سپر اوور میں نیپال نے 19 رنز بنائے تو نیدر لینڈز کی ٹیم بھی 19 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی پھر دوسرے سپر اوور میں نیدر لینڈز نے 17 رنز بنائے تو نیپال کی ٹیم بھی 17 رنز بنا سکی اور پھر تیسرے سپر اوور میں نیپال کی دو وکٹیں چار گیندوں پر گر گئیں اور کوئی رن نہ بنا۔

یوں تیسرے سپر اوور میں نیدر لینڈزکو جیت کے لیے ایک رن درکار تھا ، نیدر لینڈز کے بیٹر نے چھکا مار کر میچ اپنے نام کر لیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کرکٹ کے کسی پروفیشنل میچ ، ٹی ٹوئنٹی اور لسٹ اے میں پہلی مرتبہ تیسرے سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہوا ہے، یہ سہہ فریقی سیریز اسکاٹ لینڈ، نیپال اور نیدر لینڈز کے درمیان گلاسگو میں کھیلی جا رہی ہے۔