June 16, 2025 | 10:39 am

میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر رائے قائم کر لی جاتی ہے: محمد عباس

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کر لی جاتی ہے، سوشل میڈیا پر ہونے والی باتیں اور میرے اعداد وشمار مجھے جگا کر رکھتے ہیں میں متحرک ہوتا ہوں اور اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔

محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہو ئے شکوہ کیا کہ میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کر لی جاتی ہے کہا جاتا ہے کہ انگلینڈ میں پرفارمنس ہوتی ہے ، میں انہیں کہتا ہوں کہ قائد اعظم ٹرافی تو پاکستان میں ہی ہوتی ہے وہ دیکھ لیں ، 2014 سے قائد اعظم ٹرافی میں میری اوسط 16 ہے جو کہ پاکستان میں بہترین ہے دنیا میں 600 وکٹیں لینے والے ایکٹو فاسٹ بولرز میں میں اوسط کے لحا ظ سے نمبر ون ہوں میری 800 فرسٹ کلاس وکٹیں ہونے والی ہیں ، میچ میں دس وکٹوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہوں۔

محمد عباس نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئے تھے بعض اوقات منفی باتیں بھی آتی ہیں لیکن میں ان پر قابو پاتا ہوں اور بہترین سے بہترین پرفارمنس کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت دینی چاہیے جبکہ پاکستان کو ٹیسٹ میچز بھی کم ملتے ہیں ، آئی سی سی سے درخواست ہے کہ پاکستان کو زیادہ ٹیسٹ میچز دے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ چار سال ہیمپشائر کی نمائندگی کرنے کے بعد ناٹنگھم شائر کے ساتھ پہلا سیزن اچھا جا رہا ہے ، تین میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکا ہوں ، معاہدے میں توسیع کے بعد 7 میچز باقی ہیں۔

محمد عباس نے کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ سے آفرز تھیں بات چیت جاری رہی تھی اس دوران دو ماہ میں دو چھوٹے بہن بھائی اللہ کو پیارے ہوئے ، بڑا مشکل وقت گزارا ، اب سارا فوکس کرکٹ پر ہے ، کاؤنٹی سیزن کے لیے اچھا ٹارگٹ ہے ۔