June 16, 2025 | 10:32 am

ویمنز ورلڈ کپ کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، پاک بھارت ٹاکرا کب اور کہاں ہوگا؟

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر سے بنگلورو میں ہوگا اور ویمن ورلڈکپ کا پہلا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم ہائی برڈ معاہدے کے تحت اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا پانچ اکتوبر کو کولمبو میں ہوگا کیونکہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں کولمبو کو نیوٹرل وینیو بنایا گیا ہے۔

ممکنہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 8 اکتوبر کو کھیلا جائے گا پھر پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف 2 جبکہ انگلینڈ کے خلاف 15 اکتوبر کو کھیلے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 18 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا ہے، قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 21 جبکہ سری لنکا کے خلاف 24 اکتوبر کو آمنے سامنے آئے گی۔

آسٹریلوی ویمنز ٹیم یکم اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اُترے گی۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل گوہاٹی یا کولمبو جبکہ دوسرا سیمی فائنل بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ ویمنز ورلڈکپ کا فائنل 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔