June 16, 2025 | 09:56 am

گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کی کوچنگ کیلئے ایک بار پھر خواہشمند

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی کوچنگ کے لیے دوبارہ بلایا گیا تو وہ پلیئرز کیلئے ضرور واپس پاکستان جائیں گے لیکن ساتھ ساتھ زور دیا کہ کام کرنے کے حالات مناسب ہوں ۔

سابق کوچ گیری کرسٹن نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ اگر پاکستان میں دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور جاوں گا، پاکستان میں کام کرنا چاہوں گا اور پلیئرز کیلئے جانا چاہوں گا لیکن مناسب حالات میں ہی جاوں گا۔

گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ چند ماہ کافی مضطرب رہے تھے، جلد اندازہ ہوگیا تھا کہ چیزوں پر زیادہ اثر انداز نہیں رہ پاؤں گا۔

کرسٹن نے کہا کہ جب انہیں سلیکشن معاملات سے علیحدہ کیا گیا تو ان کے لئے بطور کوچ مثبت اثر رکھنا مشکل ہوگیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ ٹیم کے معاملات کرکٹ کے لوگوں کو ہی چلانا چاہئے اور کہا کہ جب ٹیم کے معاملات میں باہر کا شور اثر انداز ہو تو ٹیم لیڈرز کیلئے ٹیم کو اپنے حساب سے چلانا مشکل ہوجاتا ہے ۔

گیری کرسٹن نے مزید کہا کہ وہ ایجنڈاز کا حصہ نہیں ہوسکتے، وہ ٹیم کو کوچ کرنا چاہتے ہیں اور پلیئرز کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے پاکستانی کرکٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پلیئرز کے ساتھ مختصر وقت گزارا لیکن ان کا کافی احساس ہے۔ دنیا میں کسی دوسری ٹیم سے زیادہ پرفارمنس کا پریشر پاکستانی پلیئرز پر ہوتا ہے، جب پلیئرز پرفارم نہیں کرتے تو ان کے لئے وہ وقت کافی مشکل اور کڑا ہوجاتا ۔

گیری کرسٹن نے کہا کہ جب ٹیم کے معاملات میں باہر کی مداخلت نہ ہوں تو آپ بہتری کی جانب اپنا سفر جاری رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ گیری کرسٹن نے گزشتہ سال اپریل میں پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ سنبھالا تھا اور پھر 6 ماہ بعد ہی وہ اس عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔