May 23, 2025 | 10:25 am

پاکستان کی ٹاپ خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستان کی ٹاپ خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا کو سر کرلی۔

نائلہ کیانی نے جمعرات کی شام کیمپ فور سے کینچن جونگا کی حتمی سمٹ کی جانب سفر شروع کیا تھا اور آج صبح چھ بجے کینچن جونگا کے ٹاپ پر پہنچیں اور 8,586 میٹر بلند کینچن جونگا کے ٹاپ پر پاکستان کر پرچم بلند کرلیا۔

کینچن جونگا کے ساتھ نائلہ کیانی نے 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرلیں، کینچن جونگا بھارت اور نیپال کی سرحد پر واقع ہے، بھارت میں کینچن جونگا بلند ترین چوٹی ہے۔

واضح رہے کہ نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والی پاکستان کی پہلی اور واحد خاتون ہیں۔ اب نائلہ کیانی کی نظریں 8 ہزار میٹر سے بلند تمام چوٹیاں سر کرنے پر مرجوز ہیں۔

نائلہ کیانی کا کہنا ہے کہ کینچن جونگا سر کرنا میرے لئے ایک ذاتی کارنامہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تمام خواتین کے لیے ایک پیغام ہے اور میں خواتین کو بتانا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی سوچ سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کارنامہ پر فخر ہے لیکن میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

نائلہ کیانی نے 2021 میں گیشربرم ٹو سر کرکے اپنے کوہ پیمائی کے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور پھر جولائی 2022 میں انہوں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کیا۔

اگست 2022 میں نائلہ نے گیشربرم ون جبکہ اپریل 2023 میں انہوں نے اناپورنا کو سرکیا پھر سال 2023 میں نائلہ نے ماونٹ ایوریسٹ، لوٹسے، نانگا پربت، براڈ پیک اور چو ایو کو سر کیا۔

مئی 2024 میں نائلہ کیانی نے دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مکالو کو سر کیا۔ نائلہ کیانی کو 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کا سفر مکمل کرنے کیلئے اب شیشاپنگما اور داولاگیری سرکرنا باقی ہے۔