May 12, 2025 | 09:08 am

بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑگیا : شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت کو اب اندازہ ہوگیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑگیا ہے، میں پاکستان کی افواج کو سیلیوٹ کرتا ہوں۔

کراچی سی ویو میں پاک فوج سے اظہار تشکر ریلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ آج ہم امن کے لیے باہر نکلے ہیں، اس ملک کیلئے جوانوں نے قربانی دی ہے ان کی قربانی ضائع نہیں ہوگی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مودی کی وجہ سے انڈین ہر جگہ بدنام ہورہے ہیں ، جو ان کے لیے غلط ہے، نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان سمیت پوری دنیا میں بدنام ہورہا ہے، کینیڈا میں سکھوں پر حملہ کیا وہاں منہ کی کھانا پڑی، ہماری فوج نے کہا تھا کہ جب ہم کریں گے تو دنیا دیکھے گی ، ہم نے کر کے دکھا یا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کو ہماری صلاحیت کا اندازہ نہیں تھا لیکن اب اندازہ ہوگیا ہوگا، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ یہ شرارت کرے گا لیکن اب اس کے بڑے ابو نے اس کو سمجھا دیا ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ میں اب بھی کہتا ہوں محبت سے چلو ، کرکٹ ہونے دو، لوگوں کو ملنے دو، ہم محبت کی بات کرتے ہیں آپ اپنے ملک میں نفرتیں پھیلا رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ آپ نے ہمارے بچوں ، سویلینز کو مارا ہے اور آپ ایک ثبوت بتا دو کہ ہم نے آپ کے کسی سویلین کو مارا ہو، انڈیا میں لوگ پیار محبت سے چلنا چاہتے ہیں لیکن مودی انڈینز کو بدنام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارا ملک بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ملا ہے اور اور آج تک ہم قربانیاں دے رہے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کا میڈیا 50 فیصد بالی ووڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے۔