April 30, 2025 | 12:48 pm

ہم امید کا دامن چھوڑنے کے لیے تیار نہیں: محمد وسیم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں ملتان سلطانز کی کارکردگی بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اچھی نہیں رہی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے لیکن اس کے باوجود وہ امید کا دامن چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

محمد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد کہا کہ یہ کرکٹ ہے جس میں آپ کو ایک بہترین ٹیم بھی کسی وقت مشکلات میں نظر آتی ہے، ملتان سلطانز نے ڈرافٹ میں جو بہترین کھلاڑی دستیاب تھے وہ منتخب کیے تھے لیکن جو پلان تھا کھلاڑی میدان میں اس پر عمل نہیں کرسکے۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ بیٹرز کو جہاں تیز کھیلنا چاہیے تھا وہ وہاں سلو کھیلے اور جہاں سلو کھیلنا چاہیے تھا وہاں انہوں نے تیز کھیلنے کی کوشش کی، بیٹرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں تھوڑا ٹھہر کر کھیلنا چاہیے تھا اس پچ پر ایک سو ساٹھ ایک سو ستر اچھا اسکور ہوسکتا تھا۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ گزشتہ سیزن میں ہماری سب سے بڑی قوت ہماری بولنگ تھی ہم پاور پلے اور مڈل اوورز میں بھی وکٹیں لے رہے تھے لیکن اس بار بولنگ میں بھی اس طرح کی کارکردگی نظر نہیں آئی ۔

محمد وسیم نے کپتان رضوان کی انفرادی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ یقیناً انفرادی پرفارمنسز ہوتی ہیں لیکن اصل اہمیت ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور نتائج کی ہوتی ہے۔ جب ٹیم جیت نہ پائے تو انفرادی کارکردگی کا فائدہ بھی اس وقت نہیں ہوتا ہے ۔ یقیناً رضوان نے چند اچھی اننگز کھیلی ہیں لیکن بدقسمتی سے پارٹنرشپس نہیں ہوپائی ہیں اور میچز فنش نہیں ہوپائے۔

محمد وسیم نے نوجوان عبید شاہ اور یاسرخان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے۔

محمد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارے لیے ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے کہیں نہ کہیں سے چانس بن سکتا ہے۔ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے میچز اچھے مارجن سے جیتیں۔ہمیں نہ صرف جیتنا ہے بلکہ رن ریٹ بھی دیکھنا ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ چار سیزن میں چار فائنل کھیلنے اور 2021میں ٹائٹل جیتنے والی ملتان سلطانز اس پی ایس ایل میں سات میں سے چھ میچ ہارچکی ہے۔

ملتان سلطانز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 میں اپنا آٹھواں میچ کل یکم مئی کو کراچی کنگز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی جو سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔