April 28, 2025 | 09:17 am

جارحانہ انداز فاسٹ بولر کی خوبصورتی ہوتی ہے: محمد عامر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ میدان میں غصہ دکھانا فاسٹ بولر کی خوبصورتی ہے، جب وہ ایگریشن دکھاتا ہے تو میدان میں شائقین کو مزہ آتا ہے۔

پشاور زلمی کے خلاف 64 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد محمد عامر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں میدان میں ایگریشن تو دکھاتا ہوں مگر میرا فوکس سارا بولنگ پر ہوتا ہے۔

پی ایس ایل 10 میں بابراعظم کو دوسری مرتبہ آؤٹ کرنے کے سوال پر محمد عامر نے جواب دیا کہ جو بھی بابر بڑا پلیئر ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے ، پھر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر مجھے کامیابی مل رہی ہے تو ملنے دیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میرا یہی پلان ہوتا ہے کہ اگر نیا گیند سوئنگ ہورہا ہے تو میں اس کو جتنا چاہے استعمال کروں ، وہ چاہے صائم ہو یا بابر ہو اور میرا پلان یہی تھا کہ بابر آؤٹ سوئنگ کے لیے تیار ہوں گے اور اگر میں جگہ سے اندر گیند لے آیا تو شائد مجھے کامیابی مل جائے اور مجھے کامیابی ملی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 64 رنز سے کامیابی حاصل کی اور یوں پوائنٹس ٹیبل پر اب تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک پانچ میں سے تین میچوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔