April 28, 2025 | 09:43 am

حارث روف ون ڈے کرکٹ میں 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال کے حامی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث روف کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے 25 اوورز کے بعد ایک گیند کے استعمال کی جو تجویز آئی ہے وہ وہ فاسٹ بولرز کے لیے بڑی فائدہ مند ہے ۔

لاہور میں جیوز نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیڈنگ فاسٹ بولرز میں شامل حارث روف نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال کی تجویز اچھی ہے 25 اوورز کے بعد گیند پرانا ہونے سے بالروں کو مدد ملے گی جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پچیس اوورز پرانی گیند سے رنز کرنا مشکل ہوتا تھا اب تو گیند پرانی ہوتی نہیں ہر کوئی 4 سو پلس رنز کا بھی سوچنے لگا ہے ایسے میں آئی سی سی 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کا سوچ رہی ہے تو یہ اچھی بات ہے پرانی گیند ہونے سے ریورس سوئنگ ہو گا بالروں کو مدد ملے گی۔

حارث روف نے فاسٹ بولرز سے اسپائکس بھی اتروانے کا کیوں کہا ؟

فاسٹ بولر حارث روف کا کہنا ہے کہ میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کہ رنز پڑنے پر لوگ تنقید کرتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کے بولروں کے خلاف ہی رنز بنتے ہیں دنیا بھر میں دیکھیں ، فاسٹ بولرز کو جد و جہد کرنا پڑتی ہے جس طرح کی باونڈریز ہیں اور جس طرح کی ہائی اسکورنگ گیمز کی ڈیمانڈ ہے رنز تو پڑیں گے فینز اور براڈ کاسٹرز بھی لمبا میچ چاہتے ہیں ، فاسٹ بولرز کے صرف اسپائیکس رہ گئے ہیں وہ بھی اتار دیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں آپ کا دن ہوتا ہے ، اگر آپ کا دن اچھا ہے تو پھر سب ٹھیک ہے بعض اوقات آپ اچھی بولنگ کر رہے ہو تے ہیں لیکن آپ کو رنز پڑ جاتے ہیں مجھے اپنی اسکلز پر کبھی شک نہیں ہوا ، ٹی ٹوئنٹی میں اگر ایک دن اچھا ہے تو دو تین دن برے آئیں گے ہی ،جب آپ کو مار پڑ رہی ہو تو ایسی صورتحال سے آپ کو خود ہی نکلنا ہے ۔

شاہین آفریدی اور حارث روف کا ٹارگٹ کیا ہے ، ؟

فاسٹ بولر حارث روف نے کہا کہ شاہین آفریدی اور میں جس طرح آپس میں جڑے ہوئے ہیں اس کی مثال کم ملتی ہے ہم نے ایک ساتھ بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے ، ہماری کمیونیکیشن اچھی ہو چکی ہے ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد ہے ، ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر فوکس ہے ، ہمارامائنڈ سیٹ ایک ہی ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے بہترین دینا ہے۔

کیا پی ایس ایل 10 میں حارث روف اپنی کارکردگی سے مطمئین ہیں ؟

حارث روف کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 10 میں ٹیم کی کارکردگی ابھی بہت اچھی جا رہی ہےتمام کھلاڑی توقع کے مطابق ہر مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن انفرادی طور پر میں اپنی کارکردگی سے مطمئین نہیں ہوں میں اب تک ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پا رہا ، میں خود کو بیک کر رہا ہوں ، مجھے اپنی اسکلز پر یقین ہے آنے والے میچز میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

کیا حارث روف کو میچ سے پہلے ہی پچ کا اندازہ ہو جاتا ہے ؟

حارث روف کا ما ننا ہے کہ لاہور قلندرز کے لیے آنے والے تمام میچز بڑے اہم ہیں ملتان سلطانز کے خلاف جس طرح ہدف کا تعاقب کیا اس سے اعتماد ملاعموما ہم پہلے بیٹنگ کرتے ہیں اور پھر بولنگ کرتے ہیں ، لیکن یہ ہدف کا تعاقب ہمارے لیے اچھا رہا۔

انہوں نے کہا کہ میں میچ سے پہلے پچز پر یقین نہیں رکھتا ، پہلا اوور پھینکے جانے کے بعد پچ کا پتہ چلتا ہے پچ لگ گرین رہا تھا لیکن مجھے معلوم تھا کہ یہ جیسے دکھائی دے رہی ہے ویسی نہیں اور ایسا ہی ہوا آپ کو کنڈیشنز کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے ، باونڈریز شارٹ ہیں آئندہ بھی ہائی سکورنگ میچز ہوں گے ۔