April 25, 2025 | 09:38 am

ندا ڈار کو اچانک کرکٹ سے بریک لینا کیوں پڑ گئی؟

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار مینٹل ہیلتھ کا شکار ہوگئیں۔

آلراؤنڈر ندا ڈار نے مینٹل ہیلتھ کے ایشو پر کرکٹ سے بریک لے لی اور اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاع دی۔

سابق کپتان ندا ڈار نے بتایا کہ پچھلے کچھ عرصے میں میری ذات اور پروفیشن کے حوالے سے بہت کچھ ہوا اور ان معاملات کی وجہ سے میری ذہنی صحت پر بہت اثر پڑا ہے۔

ندا ڈار کا سوشل میڈیا پیغام

انہوں نے کہا کہ لہٰذا اس وجہ سے میں کرکٹ سے بریک لے رہی ہوں تاکہ اپنے اوپر فوکس کرسکوں، میری پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست ہے۔

واضح رہے کہ سابق کپتان ندا ڈار کو آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے کیمپ میں بلایا گیا تھا جس کے لیے ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا مگر فٹنس کی بنیاد پر ندا ڈار کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

فیصل آباد میں لگائے جانے والے کیمپ میں ندا ڈار شامل ہی نہیں تھیں، انہیں اب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنے کے لیے کہا گیا تاہم انہوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے منع کردیا اور کرکٹ سے بریک لے لی۔