April 25, 2025 | 08:16 am

لاہور قلندرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ کے کھیلے گئے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے مات دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں ٹیم قلندرز 19.2 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اچھی بیٹنگ کا آغاز نہ ہوسکا تھا اور اس کی آدھی ٹیم 5.4 اوورز میں 34 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی تھی۔

فخر زمان 10، آصف علی 4، ڈیرل مچل 2، عبد اللہ شفیق صفر اور وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سکندر رضا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر کیا اور 34 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز اسکور کئے۔

کپتان شاہین آفریدی نے 16 رنز بنائے ان کے قلندرز کی ساتویں وکٹ رشد حسین کی گری جب وہ 13 رنز بنا چکے تھے، حارث رؤف 10، سکندر رضا 52 اور محمد عذب کوئی رن نہ بنا سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لوکی ووڈ اور حسین طلعت کے حصے میں 2، 2 وکٹ آئی، علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے میچ 20 گیند قبل 7 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا، کپتان بابراعظم 42 گیندوں میں 7 چوکوں اور 1 چھکے مدد سے 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب صرف 2 رنز بنا سکے، ٹام کیڈمور صفر اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 20 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 37 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 5 چوکے اور 1 چھکا بھی شامل تھا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے صائم ایوب اور محمد حارث کی وکٹ حاصل کی جبکہ حارث رؤف نے ٹام کیڈمور کو آؤٹ کیا۔

اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشن پر نظر ڈالی جائے تو اب لاہور قلندرز 5 میچوں میں 3 شکست کے بعد تیسرے اور پشاور زلمی پانچ میچوں میں 2 کامیابیوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔