April 24, 2025 | 03:47 pm

ہم کسی بھی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں: مائیکل بریسویل

ملتان سلطانز کو ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں اگرچہ اب تک پانچ میں سے چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل پُر عزم ہیں کہ ملتان سلطانز اگلے میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھاکر میچز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز کو بدھ کی شب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ملتان سلطانز چھ ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سب سے آخری نمبر پر ہے۔

اس میچ کے بعد مائیکل بریسویل نے ملتان سلطانز ڈیجیٹل سے اجتماعی کارکردگی کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ ملتان سلطانز میں انفرادی طور اس مہم میں اچھی کارکردگی نظر آئی ہے لیکن میچ جیتنے کے لیے کم ازکم دو کھلاڑیوں کو زبردست پرفارمنس دینی ضروری ہے جیسا کہ اسلام آباد یونائٹڈ کی طرف سے نظر آئی، ہم کسی بھی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنی بات بات جاری رکھتے ہوئے مائیکل بریسویل نے کہا کہ یقیناً یہ شکست ہمارے لیے مایوس کن ہے کہ ہم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہارے ہیں لیکن ابھی بہت کچھ باقی ہے۔

مائیکل بریسویل نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹڈ بہت اچھا کھیلی خاص کر اس کے بولرز نے ہمیں پاور پلے میں بڑا اسکور نہیں کرنے دیا، ہم نے دس سے پندرہ رنز کم بنائے تھے اور جب ان کی بیٹنگ آئی تو اوس کی وجہ سے بیٹنگ آسان ہوگئی تھی۔

بریسویل کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف جیت سے ہمیں اپنا مومینٹم بنانے میں مدد ملی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف اچھا نہیں کھیلے۔

مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی عجیب وغریب کھیل ہے، ہم اگر پانچ میں سے چار میچز ہارے ہیں تو اگلے پانچ میں سے چار میچز جیت بھی سکتے ہیں چار ٹیموں نے پلے آف میں جانا ہوتا ہے اور ہمارے لیے یہ ممکن ہے تاہم ہمیں بہت کام کرنا ہوگا، کچھ ایریاز ایسے ہیں جن میں بہت محنت کرنی ہوگی۔

بریسویل کہتے ہیں کہ ہم لاہور قلندرز کے خلاف ملتان میں بہت اچھا کھیلے اور ہمیں امید ہے کہ اس کے خلاف اگلے میچ میں بھی اچھا کھیلیں گے اور جیت کا ڈبل مکمل کریں گے ، ہم اپنا مومینٹم واپس لائیں گے اور اچھا کم بیک کریں گے، ہمارے پاس اس میچ سے قبل ٹریننگ کے لیے دو دن موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں چھ اچھی ٹیمیں ہیں اور آپ کو ہر رات اچھی کارکردگی دکھانی پڑتی ہے، ہم یقیناً اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف اچھی کارکردگی نہیں دکھاسکے لیکن ابھی ٹورنامنٹ میں ہمارے پانچ میچز باقی ہیں ۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز کا اگلا میچ26 اپریل کو لاہور قلندرز کے خلاف لاہور میں کھیلا جائے گا۔