April 18, 2025 | 01:11 pm

نیشنل گیمز ملتوی ہونے پر کھلاڑی شدید مایوس

کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز ملتوی ہونے کے بعد اسپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں کے کیمپس میں شامل کھلاڑی گھر وں کو واپس چلے گئے۔

کھلاڑیوں نے گیمز کے ملتوی ہونے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز کے لیے مشکل سے منتخب ہو ئے ۔

کھلاڑیوں نے کہا کہ اتنی محنت کی اور اُمید تھی کہ اچھا پرفارم کر کے قومی ٹیم میں آئیں گے لیکن گیمز ہی ملتوی کر دیے گئے ہیں ۔

ایتھلیٹس کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے سے گیمز کے لیے محنت کر رہے ہیں، ٹرائیلز کے مشکل مرحلے سے یہاں تک پہنچے امید تھی کہ قومی ٹیموں میں آکر بین الاقوامی سطح پر جائیں گے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کوئی پتہ نہیں اب گیمز کب ہوں گے کوئی کہہ رہا کہ ستمبر میں ہوں گے۔

خیال رہے کہ نیشنل گیمز کی تیاری کے لیے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں کے کیمپس نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور کے مختلف وینیوز پر جاری تھے لیکن گیمز ملتوی ہونے کے بعد کھلاڑی گھروں کو واپس جا رہے ہیں ، مردو خواتین کھلاڑی دوسرے شہروں سے بھی آکر کیمپس میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز نیشنل گیمز ملتوی کرنے کا اعلان کیا جس سے کھلاڑیوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

سندھ اولمپکس نے ایک خط تمام متعلقہ اداروں کو جاری کیا ہے جس میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر نیشنل گیمز ملتوی کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، ہیٹ ویو اور انٹر کے امتحانات کی وجہ سے نیشنل گیمز ملتوی کیے گئے حالانکہ مئی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا سب کو علم تھا انٹر کے امتحانات کا اعلان بھی کئی ماہ پہلے کیا جاچکا تھا۔