March 26, 2025 | 11:15 am

صائم ایوب اپنوں میں عید منانے کیلئے پاکستان پہنچ چکے ہیں

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا سامنا کرنے والے ٹاپ آرڈر بیٹر صائم ایوب کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آ گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کے مطابق صائم ایوب ری ہیب مکمل کر کے لاہور پہنچ گئے ہیں جہان ان کا قومی اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب عید کراچی میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ منائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں صائم ایوب کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے، ان کی برطانیہ سے آنے والی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹر صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ٹخنے کی انجری سے دوچار ہوگئے تھے اور پھر انہیں سہارے کی مدد سے میدان چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صائم ایوب لندن اظہر محمود کے ساتھ علاج کرانے چلے گئے تھے۔