March 15, 2025 | 12:25 pm

وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی قومی کرکٹرز پر سخت تنقید

وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہرنے قومی کرکٹرز پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹرز اگر حلوہ پوری، نہاری اور حلیم کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے؟ کرکٹرز کو اپنی ڈائٹ اور نیوٹریشن پربھی کام کرناچاہیے۔

کورنگی ٹاؤن میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر پوری قوم مایوس ہے، قومی ٹیم نہ فائنل میں پہنچ سکی نہ فائنل ہم تک پہنچ سکا۔

کچھ ایسے بھی بیٹسمین ہیں جن کو میں بھی آرام سے آؤٹ کرسکتا ہوں

انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی کرکٹ ٹیم پرکافی محنت کرنےکی ضرورت ہے، کرکٹ میرے دائرہ اختیار میں نہیں لیکن اب مجھے ہی کرکٹ کے لئے کچھ کرنا پڑے گا۔

وزیر کھیل نے کہا کہ اپنے کھلاڑیوں کے لئے کچھ کرنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو پیغام ہے کہ فٹنس ہے تو سب کچھ ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ یہاں پر کچھ ایسے بھی بالرز ہے جس کو میں پانچ چھ چھکے مار سکتا ہوں اور کچھ ایسے بھی بیٹسمین ہیں جن کو میں بھی آرام سے آؤٹ کرسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی زمانہ میں کورنگی میں چائنہ کٹنگ اور لینڈ گریبنگ عروج پر تھی مگر اب کورنگی میں کھیلوں کے ایونٹ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔

یہاں پر کچھ ایسے بھی بالرز ہے جس کو میں پانچ چھ چھکے مار سکتا ہوں

وزیر کھیل سندھ نے کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ضلع کورنگی میں آئندہ سال کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کرائے گی۔

سردار محمد بخش مہر نے یہ بھی کہا کہ کورنگی کے کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگا کر دیں گے تاکہ نوجوان رات کو بھی کرکٹ کھیل سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کورنگی کی ونر ٹیم کے لئے 4 لاکھ انعام اور رنر اپ ٹیم کے کئے 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ مین آف دی میچ والوں کے لئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان ملے گا۔