February 19, 2025 | 02:54 pm

بابر اعظم سے ون ڈے رینکنگ کی پہلی پوزیشن چھن گئی

انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان ٹیم کے سابق کپتان پہلی پوزیشن سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اور بھارتی بیٹر شبمن گل نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں شبمن گل کے 796 جبکہ بابر اعظم کے 773 رینکنگ پوائنٹس ہیں۔

بھارت کے روہت شرما تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے اینرخ کلاسن ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دو درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخرزمان ایک درجہ تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ کپتان محمد رضوان 6 درجہ بہتری کے بعد 15 ویں نمبر پر آگئے، سلمان علی آغا 24 درجے بہتری کے بعد 48 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا نمبر ون باؤلر بن گئے جبکہ راشد خان ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اور نمیبیا کے بیرنارڈ اسکالٹز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان ٹیم کے شاہین آفریدی 1 درجے تنزلی کی وجہ سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور حارث رؤف ایک درجہ تنزلی کے بعد 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔