February 19, 2025 | 08:16 am

تمام ٹیموں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی: محسن نقوی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام ٹیموں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

محسن نقوی کی زیر صدارت قذافی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی نے تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت دی۔

اس اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے پوری طرح تیار ہے، اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 29 برس بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے باعث افتخار ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد یقینی بنا کر پاکستان کی عزت بڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں آج صدر آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے اور پاکستان ائیر فورس شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کرے گی۔

آئی سی سی چیمئنز ٹرافی کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دن 2 بجے کھیلا جائے گا۔