February 18, 2025 | 02:42 pm

ہماری صلاحیتوں پر شک نہیں کرنا چاہیے: محمد رضوان

رپورٹ: عتیق الرحمٰن۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہماری صلاحیتوں پر شک نہیں کرنا چاہیے، میچ ڈے پر کمی بیشی ہوسکتی ہے جس پر ہم کام کررہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں اوپر نیچے ہوجاتی ہے مگر کہیں نہ کہیں ہمیں پروفیشنلزم میں بہتری لانی ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی پرفیکٹ نہیں ہوسکتا ہے، ہم سیکھنے کا ہی ارادہ رکھتے ہیں، اختتام میں جو 1 فیصد حالات ہاتھ سے نکلتے ہیں اس کو ہم کوور کرنا چاہتے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے ٹرائی سیریز کے فائنل میں خامیوں کو تلاش کرنے کے لیے پہلے بیٹنگ کی تھی اور کمزوریوں کو ہم نے نوٹ کر رکھا ہے جس پر مسلسل کام کررہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان میں ایسے پلیئر ہیں جن سے توقعات وابستہ رہتی ہیں اور جونیئر کھلاڑی ہمارے اہم ارکان سے ہی مشورے لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باعث مقابلے ہم نے انفرادی طور کی کارکردگی پر جیتے ہیں، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی کپتان ہے مگر سینئر کھلاڑی ہونے کی وجہ سے ہمیں ذمہ داری لینی چاہیے۔

محمد رضوان نے کہا کہ پلیئنگ الیون کنڈیشنز کے مطابق ہی ہوگی، ہم بابر اعظم سے اوپن ہی کرا رہے تھے مگر ضروری نہیں بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف اوپن کرے، ہمیں فل ٹائم اوپنر مستقبل میں چاہیئے۔

فاسٹ بولر حارث رؤف کے بارے میں کپتان نے بتایا کہ حارث روف نے کل 80 فیصد بولنگ کی تھی اور اب حارث روف ردھم میں بولنگ کررہے ہیں اور وہ اب فٹ ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ پوری قوم چیمپئنز ٹرافی کو انجوائے کرے، انتیس سال بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طویل عرصے میں پاکستان کو کامیابیاں بھی ملی ہیں، ہم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم بنے ہیں اور ریکارڈ وقت میں پاکستان کے اسٹیڈیمز تیار کیے گئے۔

محمد رضوان نے کہا کہ میری اور بابر کی صرف خواہش نہیں کہ ٹائٹل جیتیں بلکہ تمام کھلاڑیوں سمیت پورا پاکستان ہماری جیت چاہتا ہے۔

علم میں رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کل سے آغاز ہورہا ہے اور افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔