February 15, 2025 | 03:07 pm

ایشین یوتھ جوجٹسو چیمپئن شپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی

پاکستانی نوجوان ایتھلیٹس نے بنکاک میں منعقدہ ایشین یوتھ جوجٹسو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر-16 کیٹیگری میں دو برانز میڈلز حاصل کیے۔

انڈر-16 ڈویژن میں الشبا علی اور زونیرا ذوالفقار نے ڈو شو فیمیل ایونٹ میں برانز جبکہ آمنہ عرفان اور عبدالرحمن نے ڈو شو مکسڈ کیٹیگری میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔

اس چیمپئن شپ میں 26 ممالک کے 700 سے زائد ایتھلیٹس نے شرکت کی، جن میں قزاقستان سے 83، ویتنام سے 107اور بھارت سے 58 شرکاء شامل تھے۔

اسپانسرشپ کی کمی کے باعث پاکستان کی نمائندگی صرف چھے ایتھلیٹس تک ہی محدود تھی، تاہم ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں دو سلور اور چار برانز میڈلز حاصل کرکے ایشیا کی ٹاپ 10 ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان اور سیکریٹری جنرل طارق علی نے اس نمایاں کامیابی پر کھلاڑیوں اور کوچز کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ پاکستان کے نوجوان فائٹرز مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔