February 15, 2025 | 08:17 am

ہم 280 رنز کرنا چاہتے تھے مگر نیوزی لینڈ کے بولرز نے دباؤ میں رکھا: کپتان محمد رضوان

تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دینے والی پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم 280 رنز کرنا چاہتے تھے مگر نیوزی لینڈ کے بولرز نے ہمیں دباؤ میں رکھا۔

سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں 5 وکٹوں سے شکست اٹھانے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم جیتنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوسکا مگر اب ہماری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ کراچی کی پچز غیر یقینی ہوتی ہیں، ایک بیٹنگ کے لیے سازگا ر تودوسری پر دوہرا پیس ہوتا ہے،مجھے بیٹنگ کرنا پسند ہے ، یہ پچ بیٹنگ کیلئے چیلنجنگ تھی۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کےعبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے فائنل کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ اندازہ تھا کہ اس پچ پر بڑا اسکور نہیں ہوسکے گا ہاں اگر 270 رنز ہوجاتے تو صورتحال مختلف ہوتی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اچھا پرفارم کرے گی، بابر اعظم جیسے پلیئر کو زیادہ سے زیادہ اوور کھیلنے کو ملنے چاہیئے، اُن پر ایک اچھی اننگز قرض ہے۔

پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ ہاتھوں شکست نے کراچی کے شائقین کو مایوس کردیا اور اس بارے میں انہوں نے کہا کہ بڑی اُمید کے ساتھ میچ دیکھنے آئے تھے۔