February 13, 2025 | 12:34 am

تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے آخر کے اوور اچھے نہیں ہورہے: شاہین آفریدی

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے آخر کے اوور اچھے نہیں ہورہے۔

کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد مکسڈ زون میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ نے کہا کہ یہ میچز اس ہی لیے ہورہے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کی اچھی تیاری ہوجائے، میری انگلی بالکل ٹھیک ہے ایکسرے کرایا ہے، کچھ سوجن باقی ہے امید ہے بہتر ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار میتھیو نے کچھ نہیں بولا تھا میں نے اسے وکٹ لینے کے لیے تنگ کیا تھا، گراؤنڈ میں جو بھی تھا وہ وہیں کی حد تک تھا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ دوسرے پلیئرز بھی اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں ہم بھی اپنے ملک کے لیے کھیلتے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آپ میڈیا والوں کا بڑا کردار ہے، میڈیا کا پیغام سوشل میڈیا پر سب لوگ دیکھتے ہیں، میڈیا جو بات اچھی کرے گا وہ پوری دنیا میں جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی بابر یا شاہین نہیں صرف پاکستان ہے، منفی چیز جب تک ہوگی کہیں بھی ترقی نہیں ہوسکے گی۔