February 12, 2025 | 10:33 am

ہماری سوچ یہی ہوگی کہ ہمیں چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے: محمد رضوان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی سے ڈرین نہیں کہ یہ آؤٹ ہو جائیں گے، ہماری سوچ یہی ہوگی کہ ہمیں چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔

کپتان محمد رضوان نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں میدان کی تزین و آرائش میں حصہ لینے والے مزدوروں کے اعزاز میں دی گئی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے بہت محنت کی ہے اور ثابت کیا ہے کہ ہم محنتی قوم ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ آپ کی طرح ہم بھی خوب محنت کریں گے اور اُمید ہے کراچی میں ہم ہمیشہ کی طرح اچھا رزلٹ دیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی ویڈیو

واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کرنے والے 700 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں چیئرمین پی سی بی کی جانب سے خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دن رات محنت کر کے سٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا اور آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ دیکھنے کی دعوت دی۔

علم میں رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، وہ اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی نمائندگی کر رہے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ تختی کی نقاب کشائی کی۔