February 06, 2025 | 11:24 am

مارکس اسٹوئنس نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا البتہ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

مارکوس اسٹوئنس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر فوکس کے لیے ون ڈے سے ریٹائر ہوئے، مارکوس اسٹوئنس نے 71 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

واضح رہے کہ مارکوس اسٹوئنس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے مگر اب ٹیم میں مارکوس اسٹوئنس کا متبادل شامل کیا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ نیشنل سلیکشن پینل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پرچیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کو حتمی شکل دے گا۔

اس بارے میں مارکس اسٹوئنس نے کہا کہ آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا میرے لئے فخر کی بات ہے میں اس جرسی میں گزارے گئے ہر لمحے کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یقیناََ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے اور اپنے کیریئر کے اگلے باب پر مکمل طور پر توجہ دینے کا صحیح وقت ہے۔

ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوئنس گزشتہ دہائی سے ہماری ون ڈے ٹیم کے لیے ایک انتہائی اہم کھلاڑی رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ مارکس اسٹوئنس قدرتی طور پر ایک لیڈر، بے حد مقبول کھلاڑی اور ایک زبردست انسان ہیں۔

مارکس اسٹوئنس کا دس سالہ ون ڈے کیریئر 2015 میں انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں شروع ہوا تھا اور اسی دورے میں انہوں نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی کھیلا تھا اور آخری ون ڈے میچ پاکستان کے خلاف پرتھ کے مقام پر سال 2024 میں کھیلا تھا۔

اسٹوئنس 2023 میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور انہیں 2018-19 میں ملک کے بہترین ون ڈے کرکٹر کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔