February 06, 2025 | 08:21 am

میرا بس چلے تو سرینگر جاکر لیگ کراؤں: شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد پہنچے۔

وہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا بس چلے تو میں سری نگر میں جا کر کرکٹ لیگ کروا دوں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اسپورٹس کی وجہ سے آپ پڑوسی ملک سے تعلقات بہتر بناسکتے ہیں لیکن اگر نیت ہی نہ ہو تو کام نہیں ہوسکتا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اسپورٹس کی وجہ سے جو تعلقات قائم کیے جاسکتے ہیں اس کا کوئی نعم البدل نہیں، ہم نے ماضی میں بھی کرکٹ کے ذریعے اپنے تعلقات کو بہتر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کام کی نیت ہی نہ ہو تو وہ کام ہو ہی نہیں سکتا، پاکستان نے ہر مشکل وقت میں بھارت جا کر کرکٹ کھیلی ہے، لیکن جس جواب کی ہمیں اُمید تھی، وہ بھارت سے نہیں ملا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر سپریم لیگ(کے ایس ایل) میں سری نگر کے نام سے ٹیم ہوگی تو بطور مینٹور یا کوچ یا بطور کرکٹر ٹیم کو لیڈ کروں گا۔