January 23, 2025 | 12:06 pm

چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ کی دوڑ میں خوشدل شاہ بھی شامل

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں قومی کرکٹر خوشدل شاہ بھی دوڑ میں شامل ہو گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ خوشدل شاہ کی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں حالیہ آل راؤنڈر پرفارمنس کی وجہ سے ان کا نام زیر غور لایا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ خوشدل شاہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائڈرز کی جانب سے بھرپور آل راؤنڈر پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

بی پی ایل میں رنگپور رائڈرز کی جانب سے خوشدل شاہ نے تین ناقابل شکست 73 ، 46 اور 27 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ 59 اور 48 رنز بھی بنائے ، 8 میچز میں 11 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ 10 ون ڈے انٹر نیشنل میں 199 رنز بنا چکے ہیں جبکہ دو وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

قومی کرکٹر خوشدل شاہ نے آخری ون ڈے میچ اگست 2022 میں نیدر لینڈز کے خلاف کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ سہہ فریقی سیریز (ٹرائی نیشن سیریز) اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے۔