January 21, 2025 | 02:26 pm

پاکستان کا نام کٹ پر نہ لکھ کر کیا بھارت آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا؟

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کی میزبانی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اگلے ماہ ہورہی ہے اور آئی سی سی اصول کے مطابق میزبان ملک کا لوگو تمام ٹیموں کی شرٹس پر پرنٹ ہوتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا ٹیم کیش رٹ پر پاکستان کانام نہیں لکھا ہو گا جبکہ تمام ٹیموں کے لیے منظور شدہ لوگو لگانا لازمی ہے ۔

کیا بھارت ایک بار پھر تنازعہ کھڑا کرنا چاہتا ہے؟ کیا آئی سی سی اپنے قوانین کی پابندی کرائے گا یا بھارت پاکستان کا نام نہ لکھ کر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا ؟ اب ایسے تمام سوالات نے جنم لے لیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو پر روایتی طور پر میزبان کی حیثیت سے پاکستان کا نام لکھا ہوا ہے ۔ بھارتی میڈیا واویلا کر رہا ہے اور ایک بار پھر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ انڈیا نے شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکار کر دیا ہے ، اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر ناگواری کا اظہار کیا ہے ۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو استعمال کرنا لازمی ہے تمام ٹیمیں پلیئنگ اور ٹریننگ کٹس آئی سی سی کو منظوری کے لیے بھیجتی ہیں اور لوگو کا درست استعمال نہ ہونے پر آئی سی سی فوری طور پر کٹ کو مسترد کر دیتی ہے ، لوگو کا درست استعمال نہ کرنا کلودنگ اینڈ ایکوپمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزی ہو گی۔

پاکستان کو یقین ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اپنے قوانین پر عمل درآمد کرائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس ایشیا کپ کے موقع پر بھی تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور پھر ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام درج نہ کرنے کی منظوری دی تھی۔