January 18, 2025 | 12:26 pm

کراچی انتظامیہ کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو کامیاب اور یاد گار بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں متعلقہ اداروں نے سیکورٹی اقدامات کے لئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

گزشتہ روز کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظاات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

کراچی انتظامیہ نے میچز کے انعقاد کو شہریوں کی توقعات اور اس موقع پر پارکنگ اور گراؤنڈ تک پہنچنے کے لئے خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر اسٹیڈیم آنے جانے والے اور اطراف کے راستوں کو سجایا جائے گا۔ پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے پارکنگ سے اسٹیڈیم آنے جانے کے لئے پارکنگ مقامات سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جاے گی۔

اجلاس میں پولیس رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے ڈائریکڑ جنرل، ایڈیشنل کمشنر کراچی ون غلام مہدی شاہ، ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید، بلدیہ عظمی کے ڈائریکٹر جنرل طارق مغل، 1122 اور فائر برگیڈ کے چیف فائر افسر، ٹاون ایڈمینسٹریشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈ ز کے افسران سمیت کے الیکٹرک کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔

پاکستان کر کٹ بورڈ کے نمائندے جنرل مینجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نے اجلاس کو بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کا شیڈول جاری کر دیا، میگا ایونٹ 19 فروری سے شروع ہو کر 9 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔

ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن کے درمیان مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔