January 17, 2025 | 01:19 pm

پہلا ٹیسٹ: پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ملتان ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کر کے آخری اننگز میں دباؤ ڈالیں گے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان بریتھ ویٹ کا کہنا ہے کہ پچ بہت خشک ہے ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ آج ٹاس صبح 9 بجے ہونا تھا مگر ملتان میں دھند کے سبب میچ کا ٹاس 1 بجے ہوا۔

پاکستان ٹیم میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی پیش کرنے والے اسپنر نعمان علی اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ابرار احمد تیسرے اسپنر ہوں گے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے نوجوان بیٹر محمد ہُریرہ ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے، انہیں زخمی صائم ایوب کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے بیٹر محمد ہریرہ کا کہنا ہے کہ میرے چاچا شعیب ملک نے جس طرح انٹرنیشنل کرکٹ میں نام بنایا انہیں کے نقش قدم پر چل کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔

پاکستان ٹیم اسکواڈ:

شان مسعود کی قیادت میں محمد ہریرہ، بابراعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔