January 11, 2025 | 08:22 am

فائل میز پر ہے ملازمین کو تنخواہیں جلد مل جائیں گی: ڈی جی پنجاب اسپورٹس بورڈ

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ جنرل اسپورٹس پنجاب کے ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین کو نومبر اور دسمبر 2024 کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

اس حوالے سے ڈی جی پنجاب اسپورٹس بورڈ خضر افضال کا کہنا ہے کہ فائل میز پر ہے جلد ادائیگیاں ہو جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے یقین دہانی دلائی ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ نوٹس میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کر دی گئی ہیں جبکہ باقی ملازمین کی تنخواہیں بھی جلد ادا کر دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ جیو نیوز نے گزشتہ روز ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھایا تھا۔