December 04, 2024 | 01:48 pm

بھارتی ٹیم آسٹریلیا میں اوپن ٹریننگ سیشن سے پریشان کیوں ہوگئی؟

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ بھارتی کرکٹ ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کے دوران اوپن ٹریننگ سیشن پر پابندی لگا دی اور یہ اوپن ٹریننگ سیشن پر پابندی پورے آسٹریلیا سیریز کے لئے لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایڈیلیڈمیں بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کو دیکھنے کے لئے 5 ہزارسے زائد شائقین آگئے تھے اور بڑی تعداد میں شائقین ٹریننگ کے دوران ویرات کوہلی سمیت پسندیدہ اسٹارز کے حق میں اونچی اونچی آوازیں لگاتے رہے۔

اس اوپن ٹریننگ سیشن میں بھارتی کھلاڑیوں نے  غیر آرام دہ محسوس کیا اور پھر سیلفیز کی کوشش سے بھی کرکٹرز پریشان ہوئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنے باقی ٹریننگ سیشن اوپن نہ رکھنے کی ترجیح بتائی ہے۔

ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بھارت نے شور اورکھلاڑیوں کی ٹریننگ سے توجہ ہٹانے والے عوامل کی وجہ سے اوپن سیشن نہ رکھنے کا کہا ہے اور بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشنز کےدوران صرف میڈیا کو کور کرنے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے بیٹر کے ایل راہول نے اوپن ٹریننگ سیشن پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف ہے اور ہمیں اس چیز کی عادت نہیں ہے۔

کے ایل راہول کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پرعوام کی موجودگی میں پریکٹس زیادہ تر ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں کی ہے۔

علم میں رہے کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں نیٹس باہر ہونے کی وجہ سے ٹریننگ اوپن ہوتی ہے اور آسٹریلیا میں ٹریننگ سیشنز کے دوران شائقین کی آمد ایک روایت ہے۔