November 12, 2024 | 12:31 pm

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: بھارتی رویہ پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سخت ردعمل

رپورٹ: عتیق الرحمٰن۔۔۔ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان پہنچنا ہے مگر بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم حکومتی اجازت کی منتظر ہے اور اسی معاملے کو لے کر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم آئے یا نہ آئے ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا۔

سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ ٹیم کے بغیر ورلڈ بلائنڈ کپ شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہوگا، پاکستان بھارتی ٹیم کو ویزا دے رہا ہے مگر ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شریک باقی تمام ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں اور ہم اپنی تیاری پوری کررہے ہیں ، کسی ٹیم کے نہ آنے سے فرق نہیں پڑتا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ 23 نومبر سے 3 دسمبر پاکستان میں ہوگا۔

بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈولڈ ہے جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارت انکار کر چکا ہے اور چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس فروری مارچ میں پاکستان میں شیڈولڈ ہے۔