November 07, 2024 | 12:58 pm

نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کل سے کراچی میں شروع ہوگا

نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کل سے کراچی میں شروع ہوگا جو 8 سے 30 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں ندا ڈار، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، عالیہ ریاض اور سدرا امین ٹیموں کی قیادت کریں گی ، ٹورنامنٹ میں ہر روز 2 میچز ایچ پی سی اوول گراؤنڈ اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔

چیلنجرز، کانکررز ، انونسیبلز ، اسٹارز اور اسٹرائیکرز کی ٹیمیں ڈبل لیگ فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی۔ہر ٹیم آٹھ میچز کھیلےگی پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ کی دو ٹیمیں30 نومبر کو فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

چیلنجرز کی قیادت آل راؤنڈر عالیہ ریاض کریں گی جبکہ کانکررز کی کپتانی قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کریں گی، وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی انونسیبلز کی قیادت کریں گی جبکہ سدرہ امین اور ندا ڈار بالترتیب اسٹارز اور اسٹرائیکرز کی قیادت کریں گی، میچز صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے، ٹاس صبح 9 بجے ہوگا۔

اس 21 میچوں کے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 3.3 ملین ہے، جس میں جیتنے والی ٹیم کو 1.5 ملین روپے کی انعامی رقم اور رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے ملیں گے۔

چیمپئنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں کام کرنے والے پانچ مینٹورز ٹورنامنٹ میں ٹیموں کے ساتھ شامل ہوں گے۔ چیلنجرز کو وقار یونس کی خدمات حاصل ہوں گی جبکہ کانکررز کی رہنمائی مصباح الحق کریں گے، سرفراز احمد انونسیبلز ٹیم کو دستیاب ہوں گے ، اسٹارز اور اسٹرائیکرز کو بالترتیب شعیب ملک اور ثقلین مشتاق کی سرپرستی حاصل ہوگی۔

خیال رہے کہ مینٹور ثقلین مشتاق ٹورنامنٹ کے ابتدائی دنوں میں دستیاب نہیں ہوں گے، ثقلین مشتاق کو پی سی بی نے ویمن ون ڈے کپ میں اسٹرائیکرز کا مینٹور لگایا ہے۔

ثقلین مشتاق ویمن ون ڈے کپ کے ابتدائی چار میچز میں اسٹرائیکرز کو دستیاب نہیں ہوں گے پھر وہ 18 نومبر کو کراچی واپس پہنچ کر ٹیم جوائن کرلیں گے۔

علم میں رہے کہ ثقلین مشتاق کراچی میں ابتدائی دو دن کیمپ کے بعد ذاتی مصروفیات کے لیے چھٹیوں پر امریکا روانہ ہوگئے۔