November 06, 2024 | 02:48 pm

محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستان کے ٹاپ کیوسٹ محمد آصف نے دوحا میں ہونے والی انٹرنیشنل بلیئرڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا۔

پاکستان کے 42 سالہ کیوئسٹ محمد آصف نے دوحا میں ہونیوالی چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی اور کوالیفائنگ راؤنڈ جیتتے کے بعد مین راونڈ اور پھر ناک آوٹ راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے کیا۔

فائنل میں آصف کا مقابلہ ایران کے پلیئر علی غاراگوزلو سے تھا۔ بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم آصف نے 25-70 کے اسکور سے اپنے نام کیا ۔ دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کیا ۔

تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے اسکور کے ساتھ جیت کر میچ میں دو ۔ ایک کی برتری لی۔ چوتھے فریم میں آصف نے حریف کو ایک گیند بھی پوٹ کرنے کا موقع نہ دیا اور 106 کا کلیرنس بریک کھیل کر اسکور اپنے حق میں تین ۔ ایک کردیا ۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔

پانچویں فریم میں بھی آصف کا پلہ بھاری رہا جس میں انہوں نے 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس لے ساتھ کامیابی حاصل کی اور اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا ۔

چار ایک کے خسارے کے بعد ایران کیوئسٹ نے کچھ مزاحمت دکھائی، چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کے بریک کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔

یہ محمد آصف کے کیرئیر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل ہے ۔ وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپئن شپ جیت چکے ، 2024 کی چیمپئن شپ جیت کر انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا رکارڈ برابر کردیا ۔

محمد آصف تین انفرادی ٹائٹل کے علاوہ دو ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور وہ پاکستان کے کامیاب ترین کیوئسٹ ہیں ۔