November 01, 2024 | 12:01 pm

ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ہانگ کانگ سکسز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جس کے جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنا سکی۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے کپتان روبن اتھاپا 31 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ ان کے ساتھی اوپننگ بیٹر بہارت چیپلی 53 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

کیدر جہادو 8 رنز پر فہیم اشرف کی گیند پر شہاب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ منوج تیواری 17 اور اسٹارٹ بینی 4 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم نے 120 رنز کے ہدف کا تعاقب پانچویں اوور میں ہی پورا کرتے ہوئے  ہانگ کانگ سپر سکسز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

قومی ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد اخلاق 40 اور کپتان فہیم اشرف 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آصف علی نے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 55 رنز کے ساتھ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔